i بین اقوامی

سعودی عرب کا سوڈان کو انسانی امداد فراہم کرنے کے عزم کا اظہارتازترین

October 19, 2024

سعودی عرب نے موجودہ انسانی بحران کا مقابلہ کرنے کے لیے سوڈان کی مدد کے لیے اپنی مسلسل کوششوں کی توثیق کی ہے۔عرب کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کے تعاون سے سوڈان میں انسانی ہمدردی کے ردعمل کو بڑھانے کے لیے اجتماعی اور فوری مدد کے لیے ایک اعلی سطح کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ذریعے خطہ میں 500 ملین ڈالر سے انسانی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا، اس رقم میں ایمرجنسی ریسپانس فنڈ سے 25 ملین ڈالر کا تعاون بھی شامل ہے۔کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر فار پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر ڈاکٹر عقیل الغامدی نے کہا کہ سعودی عرب سوڈان کی مدد کے لیے 115 ملین ڈالر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، یہ رقم خوراک کی امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس امداد سے بے گھر اور پناہ گزینوں کے لیے پناہ گاہ اور خوراک، پانی اور صفائی کی فراہمی کے علاوہ صحت کی خدمات بھی مہیا کی جائیں گی۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (OCHA) کی معاونت کے لیے ڈونر گروپ نے جنیوا میں کنگڈم آف ناروے کی سربراہی میں ماہرین کی سطح پر اپنا متواتر اجلاس منعقد کیا۔اوچا کے سال 2025 کے بجٹ کے بارے میں سعودی عرب نے اوچا کی انسانی ضروریات اور دستیاب فنڈنگ کے درمیان بڑے فرق کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا، سعودی عرب نے ادارے کی سرگرمیوں کی مالی اعانت کے لیے پائیدار اور طویل مدتی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی