i بین اقوامی

سعودی عرب کا فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے بین الاقوامی اتحاد کا اعلانتازترین

September 27, 2024

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطینی ریاست کے قیام اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کیلئے ایک بین الاقوامی اتحاد کا اعلان کیا ہے،عرب میڈیا کے مطابق نیویارک میں وزرا کے ایک اجلاس میں شہزادہ فیصل نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کا اتحاد یورپ اور عرب ممالک کی کوششوں کا مشترکہ نتیجہ ہے،اس سلسلے میں پہلا اجلاس ریاض میں منعقد ہو گا، اجلاس کا عنوان "غزہ کی صورت حال اور دو ریاستی حل پر برائے جامع و منصفانہ امن" تھا،سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ "ہم مطلوبہ امن کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اہداف کے حصول کے واسطے ایک عملی پلان وضع کریں گے ،ہم ایک معتبر راستے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کریں گے اور اس میں جامع و منصفانہ امن سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا،سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ نمایاں اثر کے حامل عملی اقدامات کیلئے اجتماعی شکل میں متحرک ہونے کی ضرورت ہے،شہزادہ فیصل بن فرحان کے مطابق غزہ کی جنگ انسانی المیہ جنم دینے کا باعث بنی ، اس کے علاوہ اسرائیل کی قابض فوج مغربی کنارے میں خطرناک خلاف ورزیاں انجام دینے کے علاوہ مسجد اقصی اور مسلمانوں اور مسیحیوں کے مقدس مقامات کے خلاف قبضے، شدت پسندی اور تشدد کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،سعودی وزیر خارجہ کاکہنا تھا کہ اپنا دفاع کرنا یہ جواز نہیں دیتا کہ لاکھوں شہریوں کو قتل کر دیا جائے، منظم طریقے سے تباہی پھیلائی جائے، جبری ہجرت پر مجبور کیا جائے، بھوک کو جنگی آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جائے، اشتعال انگیزی برپا کی جائے اور بدترین شکل میں تشدد اور اذیت رسانی اپنائی جائے جس میں جنسی تشدد اور دیگر مصدقہ جرائم شامل ہیں،واضح رہے کہ 7اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں فلسطینی شہدا کی تعداد41ہزار سے تجاوزکرچکی ہے جبکہ 96ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی