i بین اقوامی

پاکستان کا مذاکرات کا دوسرا دور یقینی بنانے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاقتازترین

April 22, 2026

پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایران امریکا مذاکرات کا دوسرا دور یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی صورتحال پر ایک اہم مشاورتی اجلا س منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر وفاقی وزرا اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران امریکا جنگ بندی میں توسیع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور ہوا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے پاکستانی قیادت ایرانی قیادت کے ساتھ رابطے کرر ہی ہے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی