i بین اقوامی

مسجد اقصی کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ کا اسرائیلی بیان، سعودی عرب کی مذمتتازترین

August 27, 2024

سعودی عرب نے ایک اسرائیلی وزیر کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے مسجد اقصی کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی انتہا پسند وزیر قومی سلامتی اتمار بن گویر فلسطینیوں کے خلاف انتہا پسندانہ بیانات دینے سے باز نہیں آرہے، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اشتعال انگیز بیان دے ڈالا ہے۔ لاکھوں فلسطینیوں اور عربوں کیلئے اپنے اپنے اشتعال انگیز خیالات میں انہوں نے ایک ریڈیو انٹرویو میں تجویز پیش کی کہ اگر ممکن ہوا تو وہ مسجد اقصی کے کمپانڈ میں ایک یہودی معبد بنائیں گے۔ صہیونی انتہا پسند وزیر نے یہ دعوی بھی کیا کہ اسرائیلی قانون ٹیمپل مانٹ میں مسلمانوں اور یہودیوں کے نماز ادا کرنے کے حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے۔ یاد رہے اسرائیلی مسجد اقصی کو ٹیمپل مانٹ کہتے ہیں، یہ بیانات انتہا پسند وزیر اور تقریبا تین ہزار یہودی آباد کاروں کے المسجد الاقصی پر دھاوا بولنے کے صرف دو ہفتے بعد سامنے آئے ہیں۔ اس بیان پر فوری طور پر کڑی تنقید شروع ہوگئی جس کے بعد وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق کی کہ مسجد اقصی کی قانونی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ اسرائیلی وزیر تعلیم نے بین گویر کے خیالات کو احمقانہ اور پاپولسٹ قرار دیا۔ اسرائیلی وزیر داخلہ موشے اربیل نے ایسے بیانات کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے ان بیانات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیلی سیکورٹی حکام نے پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ ایسی پالیسی مشرق وسطی میں مذہبی جنگ کو بھڑکا سکتی ہے، اس سے مشرقی القدس اور مغربی کنارے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بڑے خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی