i بین اقوامی

مشرق وسطی میں مصر کا کردار اہم ہے،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہتازترین

September 30, 2024

مصر کے وزیر برائے تارکین وطن نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران سائیڈ لائنز میں ملاقات کی ہے،عرب میڈیا کے مطابق مصری وزیر بدر عبدالعطا جنرل اسمبلی کے 79اجلاس کے سلسلے میں ان دنوں نیو یارک میں ہیں ، مصری کابینہ کے رکن نے ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل کو صدر عبدالفتاح کی طرف سے نیک تمنائوں پر مبنی پیغام پہنچایا، نیز اقوام متحدہ کے ساتھ مصر کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل گوتریس نے صدر عبدالفتاح کی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مثبت اور دانشمندانہ سوچ کی تعریف کی،ان کا کہنا تھا مشرق وسطی میں مصر کا کردار نمایاں اور اہم حیثیت کا حامل ہے، انہوں نے مصر کے افریقہ ، عرب و اسلامی دنیا اور بین الاقوامی سطح پر مصری اہمیت کا ذکر کیا، سیکرٹری جنرل نے مصری تہذیب اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس کی منفرد شناخت اور کردار کا بھی حوالہ دیا،مصری وزارت برائے تارکین وطن کے ترجمان تمیم خلاف نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ وزیر موصوف نے جنرل اسمبلی کا اجلاس منعقد کرنے ، بین الاقوامی امور کے لیے عالمی برادری کو ایک وسیع اور تبادلہ خیال کا سنجیدہ و بہترین موقع فراہم کرنے پر شکریہ دیا اور ان کے حسن انتظام کی بھی تعریف کی،انہوں نے کہا کہ اس سے کثیر جہتی نظام کار کو اقوام کے درمیان بروئے کار لانے کا بھی ایک بار پھر موقع ملا ہے جبکہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے مسائل کے حل کے لیے راہ ہموار ہوتی ہے،مصر کی طرف سے وزیر برائے تارکین وطن نے سیکرٹری جنرل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بین الاقوامی قانون کی بالا دستی کے لیے ایک واضح اور متواتر موقف اختیار کر رکھا ہے اور وہ اس کے لیے یکساں اصولوں کی پاسداری کا پابند بنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حلا میں مدد مل سکے اور جارحیت کو روکا جاسکے کہ انسانی برادری کو تباہی اور بحرانوں سے بچانے کا یہی راستہ ہے،اس موقع پر علاقے میں اسرائیلی جارحیت پر مبنی فوجی کشیدگی کو بڑھانے کا بھی ذکر کرتے ہوئے مصر نے لبنان کی قومی خود مختاری پر اسرائیلی حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا اسرائیلی سوچ نے خطے کو تباہی کے کنارے پر لاکھڑا کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی