i بین اقوامی

مشرق وسطی میں فوجی اقدامات کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا ہے،امریکاتازترین

August 05, 2024

وائٹ ہاوس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب مشیر جوناتھن فائنر نے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں فوجی اقدامات کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا ہے۔ ایک بیان میں جوناتھن فائنر نے کہا کہ فوجی اقدامات کا مقصد حملوں کو روکنا، دفاع کرنا اور علاقائی تنازعات سے بچنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ہر ممکن تیاری کر رہے ہیں، اپریل میں علاقائی تصادم کا امکان بہت قریب پہنچ گیا تھا۔ جوناتھن فائنر کا کہنا ہے کہ امریکا چاہتا ہے دوبارہ ایسی صورت پیدا ہوتی ہے تو اس کے لیے تیاری کی جائے، یہ ان کے لیے اور ہماری حکومت کے لیے دانشمندانہ منصوبہ بندی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے اتوار کو عراقی وزیرِ اعظم سے بھی بات کی تھی۔ انٹونی بلنکن نے علاقائی کشیدگی کم کرنے، تصادم سے بچنے اور استحکام کے لیے تمام فریقین کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ دوسری جانب گروپ سیون کے وزرائے خارجہ نے مشرق وسطی کی موجودہ کشیدگی کے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں تنا کو بڑھانے اور تصادم کی طرف دھکیلنے کا باعث بننے والے ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی