بھارت میں بی جے پی کی حکومت کی غیر ذمہ داری کے باعث بھارتی عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں،رپورٹ کے مطابق بھارت میں عام لوگ بھی تابکاری مواد ہاتھ میں لیے گھوم رہے ہیں۔ بھارت میں تابکاری مواد عام شہریوں کی دسترس میں ہونے کی خبروں کے بعد مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں آ گئی۔ حال ہی میں بھارت کی ریاست بہار میں 3مشتبہ افراد سے تابکاری مواد ضبط کیا گیا۔ مشتبہ افراد سے کروڑں کی مالیت کا 50گرام تابکاری مواد برآمد کیا گیا،سال 2022میں دو بھارتی شہریوں کو نیپال میں یورینیم مادہ غیر قانونی طور پر رکھنے اور فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی شہریوں نے یہ مواد مبینہ طور پر بھارت سے اسمگل کیا تھا۔مئی 2021میں ایک اسکریپ ڈیلر سے 7کلو گرام تابکاری یورینیم بر آمد کیا گیا جس کی مالیت 210ملین روپے تھی،بھارت میں جوہری مواد کی چوری کے متواتر واقعات نیوکلئیر سیکیورٹی کی ناکامی کی نشاندہی کرتے ہیں، گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 200کلو گرام سے زائد جوہری اور تابکاری مواد مبینہ طور پر بھارتی تنصیبات سے غائب ہو چکا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی