مودی سرکار جہاں ایک طرف دنیا کی سب سے بڑی معیشت ہونے کا دعوی کر رہی ہے وہیں بھارت بیروزگاری کے باعث شدید عدم استحکام کا شکار ہے۔ مودی سرکار کے زیر اقتدار بھارت میں بیروزگاری اور غربت انتہائی سنگین حد تک پہنچ گئی ، مودی سرکار کے بھارت سے بے روزگاری ختم کرنے کے تمام تر وعدے اور دعوے جھوٹے ثابت ہونے لگے ۔ انڈیا ایمپلائمنٹ رپورٹ کے مطابق بھارت کی بے روزگار عوام کا 83 فیصد حصہ نوجوانوں کا ہے ، بیروزگاری اور مودی سرکار کی بے حسی سے تنگ آکر بھارتی نوجوان غیر رسمی نوکریاں کرنے پر مجبور ہیں، بھارت کے نصف سے زیادہ نوجوان آن لائن نوکریاں کرکے اپنا پیٹ پال رہے ہیں۔ تحقیق کے مطابق بھارت میں بے روزگاری کے باعث تقریبا 70 فیصد تعمیراتی مزدور کم سے کم اجرت پر کام کرنے پر مجبور ہیں ۔ بھارتی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں ملازمتوں کا معیار بہت گر چکا ہے، نئی دہلی میں قائم انسٹی ٹیوٹ فار ہیومن ڈیولپمنٹ کے سینٹر فار ایمپلائمنٹ اسٹڈیز کے ڈائریکٹر نے کہا کہ "بھارتی معیشت میں غیر رسمی نوکریوں میں بہت اضافہ ہوا ہے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں 90 فیصد عوام غیر رسمی نوکریاں کرنے پر مجبور ہے اور اور رسمی ملازمت کا گراف بہت نیچے آگیا ہے، 2022 میں باقاعدہ ملازمت 24.2 فیصد سے گر کر 22.7 رہ گئی ہے۔ بھارتی شہری روہیت کمار ساھو نے انٹرویو میں کچھ حیرت انگیز انکشافات کیے ، ساھو نے الجزیرہ کو بتایا کہ "مجھے مجبورا ڈیلیوری بوائے کی نوکری کرنا پڑ رہی ہے تا کہ اپنے کالج کی فیس بھر سکوں، ملک میں بے روزگاری اور مالی استحصال کی وجہ سے میں غیر رسمی نوکریاں کرنے پر مجبور ہوں لیکن اسکے باوجود میں اپنی تعلیم کے اخراجات پورے کرنے میں قاصر ہوں ۔ ساھو کے مطابق گورنمنٹ کی 12 ہزار سیٹوں پر 4 لاکھ بھارتی درخواستیں جمع کرواتے ہیں، اب ایسے حالات میں ہمیں کون نوکری دے گا ؟ بے روزگاری کے خوف سے بھارتی عوام ہر قسم کا قانونی اور غیر قانونی راستہ اپنانے پر مجبور ہیں۔ بھارت میں بے روزگاری سے تنگ عوام غیر قانونی طور پر امریکہ اور برطانیہ منتقل ہو رہی ہے، بھارت میں بڑھتی بیروزگاری سے انسانی سمگلنگ عروج پر پہنچ چکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی