i بین اقوامی

ملائیشیا میں خاتون کے ساتھ تنہائی میں وقت گزارنے پر مرد کو انتہائی سخت سزا دیدی گئیتازترین

December 28, 2024

مسلم اکثریتی ملک ملائیشیا میں خاتون کے ساتھ تنہائی میں وقت گزارنے پر مرد کو سر عام کوڑے لگادئیے گئے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی ریاست تیرینگانو کی مسجد میں 42 سالہ محمد آفندی اوانگ کو "خلوت" کے جرم میں سرعام کوڑوں کی سزا دی گئی۔ملائیشیا میں سیکولر قوانین کے ساتھ ساتھ اسلامی فوجداری اور عائلی قوانین بھی رائج ہیں جو صرف مسلمانوں پر لاگو ہوتے ہیں۔پانچ بچوں کے باپ محمد آفندی کو گزشتہ ماہ جرم کا اعتراف کرنے کے بعد چھ ضربوں اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق محمد آفندی کا سزا سے قبل طبی معائنہ بھی کرایا گیا، سزا کو مسجد میں موجود 90 افراد نے دیکھا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ رپورٹ کے مطابق 2018 میں ریاست تیرنگانو میں ہی دو خواتین کو ہم جنس پرست جنسی تعلقات کے جرم میں کمرہ عدالت میں درجنوں افراد کی موجودگی میں دو، دو کوڑے لگائے گئے تھے جس پر انسانی حقوق تنظیموں نے خوب شور شرابہ کیا تھا۔حکومتی جماعت کے نائب صدر توان ابراہیم توان مان نے کہا کہ خلوت کے مجرموں کے لیے عوامی سزا کا نفاذ لوگوں کو اللہ کے احکامات کے مطابق چلنے کی تعلیم دینے کا کام کرتا ہے۔ملائیشیا کے انسانی حقوق کمیشن نے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سزا انسانی حقوق، وقار اور قانون کی حکمرانی کو مجروح کرتی ہے اور ساتھ ہی سرعام کوڑے مارنے کی قانونی حیثیت پر بھی سوالات اٹھاتی ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی