مقبوضہ کشمیر کے علاقے اکھنور میں دیوالی کے موقع پر سیکیورٹی کو ممکن بنانے کے لیے گشت پر مامور فوج کی گاڑی پر حملہ کیا گیا جس سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے جبکہ بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق جموں کے اکھنور سیکٹر میں علی الصبح نامعلوم 3 مسلح افراد نے فوج کی ایک گاڑی کا گھیرائوکرکے اندھا دھند فائرنگ کردی۔بھارتی فوج کا دعوی ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا تاہم عینی شاہدین نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایمبولینسوں کو لاشیں لے جاتے دیکھا گیا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف واقعات میں 2 فوجیوں سمیت کم از کم 12 افراد مارے گئے۔ بھارتی فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ایک مشتبہ حملہ آور مقابلے میں مارا گیا۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز کا دعوی ہے کہ اس وقت بھی علاقے میں فرار ہونے والے 2 دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی