i بین اقوامی

ہم تہذیب کے خاتمے کا شکار نہیں،یورپ کا امریکی دعوے پر ردِعملتازترین

February 16, 2026

یورپی ممالک نے امریکی دعوے کو مسترد کیا ہے کہ یورپ تہذیب کے خاتمے کے خطرے سے دوچار ہے۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کایا کالاس نے میونخ سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس بیان پر ردعمل دیا ہے، جس میں انہوں نے یورپی اتحادیوں کے لیے نسبتا مصالحت آمیز پیغام دیا تھا۔ کالاس نے اس امریکی قومی سلامتی حکمت عملی کا حوالہ دیا جو دسمبر میں جاری ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ یورپ کا معاشی جمود تہذیب کے خاتمے کے سنگین خطرے کے مقابلے میں معمولی دکھائی دیتا ہے۔اس امریکی موقف کے مطابق یورپ کو اس کی امیگریشن پالیسیوں، کم ہوتی شرحِ پیدائش، آزادیِ اظہار پر پابندیوں اور قومی شناخت کے کمزور ہونے جیسے عوامل کمزور بنا رہے ہیں۔کالاس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ جو کہہ رہے ہیں اس کے برخلاف یورپ کسی تہذیبی خاتمے کا شکار نہیں ہو رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی کئی ممالک اور لوگ یورپی یونین کا حصہ بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس کینیڈا کے دورے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ وہاں بھی بڑی تعداد میں لوگ یورپی یونین میں شمولیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے یورپ پر بلاجواز تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یورپ انسانی حقوق، جمہوری قدروں اور انسانی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے جو براہِ راست خوشحالی کا باعث بنتا ہے۔مارکو روبیو نے اپنے خطاب میں کہا تھاکہ ٹرانس اٹلانٹک دور کا اختتام نہ تو امریکہ کی ترجیح ہے اور نہ ہی خواہش۔ یورپی اور امریکی رہنمائو ں نے واضح کیا کہ اگرچہ دونوں کے مابین اختلافات موجود ہیں، خصوصا امیگریشن، تجارت اور ماحولیات کے سوالات پر، مگر پھر بھی تعلقات مضبوط رہیں گے۔کالاس نے کہا کہ روبیو کا پیغام اہم تھا کہ امریکہ اور یورپ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور رہیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی