امریکی وزارت خارجہ نے لبنان میں اسرائیل کے زمینی حملے کے لیے اپنی مخالفت کا اظہار کیا ہے،عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر ذمہ دار نے کہا کہ امریکا یہ نہیں سمجھتا کہ لبنان پر زمینی حملہ خطے میں کشیدگی کم کرنے میں کوئی کردار ادا کرے گا۔واشنگٹن اسرائیل اور لبنانی تنظیم حزب اللہ کے درمیان لڑائی کو روکنے کے لیے سفارتی حل کے واسطے بہت دنوں سے کام کر رہا ہے ، یہ بات اہم ہے کہ تمام لوگ اسرائیل کی تیاریوں کو سنجیدگی سے لیں۔دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے پیر کے روز لبنان اور اسرائیل میں راکٹ اور فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکت پر "گہری تشویش" کا اظہار کیا ہے۔لیمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس" پلیٹ فارم اپنی پوسٹ میں کہا کہ "میں ایک بار پھر دونوں جانب سے فائر بندی کے لیے اپنی دعوت کو دہرا رہا ہوں اور آج رات گروپ سیون کے وزرا سے ملاقات میں بھی میں اسی کو باور کرائوں گا"۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی