کیوبا کے شمال مغربی ساحل پر 6.1 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ آیا، جس نے ملک کے کئی علاقوں کے ساتھ ساتھ میکسیکو اور امریکی ریاست فلوریڈا کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔ گذشتہ روز آنے والے زلزلے کو کیوبا کے ساحل پر تقریبا 150 سالوں میں سب سے زیادہ طاقتور زلزلہ تصور کیا جاتا ہے اور یہ ایک ایسا واقعہ ہے جسے ماہرین زلزلہ کیریبین خطے کے لیے بہت کم سمجھتے ہیں۔ یو ایس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز کیوبا کے شہر مانتوا سے تقریبا 104 کلومیٹر شمال مغرب میں 26 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا، یو ایس جی ایس سیسمولوجسٹ پال ایرل نے بتایا کہ زلزلہ ٹیکٹونک پلیٹ کے اندر آیا، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کے درمیان کی حدود سے زیادہ زوردار جھٹکے کم عام ہوتے ہیں۔ ایرل نے کہا کہ یہ 1880 کے بعد سے اس علاقے کے ارد گرد تقریبا 322 کلومیٹر کے دائرے میں ریکارڈ کیا گیا سب سے شدید زلزلہ تھا۔ اگرچہ جانی یا بڑے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے، لیکن زلزلے نے کیوبا میں تشویش پیدا کر دی ہے، جہاں کئی عشروں کی اقتصادی مشکلات کے بعد کئی عمارتیں شدید خستہ حالی کا شکار ہیں۔
پنار ڈیل ریو صوبے کے رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے غیر معمولی طور پر شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، جس سے بہت سے لوگ اپنے گھروں سے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے میکسیکو کے مشہور سیاحتی مقامات جیسے کینکون، پلیا ڈیل کارمین اور یوکاٹن جزیرہ نما پر ٹولم میں بھی محسوس کیے گئے،ریاستوں یوکاتان اور کوئنٹانا رو میں حکام نے ہنگامی ردعمل کے طریقہ کار کو فعال کیا اور کئی عمارتوں کو خالی کرالیا۔ امریکہ میں، فلوریڈا میں بھی لوگوں نے ہلکے جھٹکے محسوس کئے، امریکی نیشنل ویدر سروس نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے بعد سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ یہ زلزلہ اس وقت آیا ہے جب ایشیا پیسیفک کا خطہ ابھی تک 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے سنبھل رہا ہے جو فلپائن کے منڈانا کے ساحل پر آیا جہاں کم از کم 35 افراد ہلاک، 130 سے زائد زخمی اور درجنوں لاپتہ ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں بہت سے شدید متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے دبے متاثرین کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی