i بین اقوامی

کیلیفورنیا ،جنونی شخص نے لفٹ دینے والی دوست کو گھر لے جاکر قتل کردیاتازترین

June 04, 2024

گھریلو تشدد کے مقدمے میں عدالت میں پیش ہونے سے قبل ہی جنونی شخص نے اپنی دوست کو گلا دبا کر قتل کردیا۔امریکی ریاست کیلیفورنیا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 37سالہ شخص کو 2023میں اپنی 24سالہ سابق گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا مجرم قرار دیا گیا ہے، مذکورہ شخص کو کئی ماہ قبل گھریلو تشدد کے مقدمے میں بھی نامزد کیا گیا تھا۔اورنج کائونٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی دفتر نے بتایا کہ ایک جیوری نے آرون رومو نامی شخص کو اپنی سابقہ گرل فرینڈ میرل میٹیس کے فرسٹ ڈگری قتل کے سنگین جرم کا مجرم قرار دیا ہے۔رومو نے 2022میں بھی میٹیس کو مارنے کی کوشش کی تھی اور اسے باڑ کے اوپر پھینکنے کے بعد جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ مذکورہ شخص کو تشدد اور دھوکہ دہی کا بھی مجرم قرار دیا گیا تھا۔استغاثہ کے مطابق، 17مارچ 2023کو رومو نے میٹیس کو فون کیا اور اسے بتایا کہ وہ بار کے باہر جھگڑے میں زخمی ہوگیا ہے۔ میٹیس نے اس شخص سے بچائو کے لیے عدالتی حکمنامہ بھی حاصل کرلیا تھا لیکن وہ پھر بھی رومو کو لفٹ دینے آئی کہ اسے گھر چھوڑ سکے تاہم اگلے دن میٹیس کی والدہ نے بتایا کہ وہ گھر واپس نہیں پہنچی، پولیس جب رومو کے اپارٹمنٹ پہنچی تو میٹیوس کو باتھ روم میں مردہ پایا۔ استغاثہ نے کہا کہ 24سالہ لڑکی کو بری طرح سے مارا پیٹا گیا اور اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا۔حکام نے رومو کو ریور سائیڈ کے علاقے میں اس کی موجودہ گرل فرینڈ کے گھر سے حراست میں لیا۔ اس نے اپنی گرفتاری سے قبل متعدد بار اپنی جان لینے کی ناکام کوشش بھی کی تھی۔رومو کو اس کی جرم کی پاداش میں 24جون کو سزا سنائے جانے کا امکان ہے جبکہ اسے باقی زندگی ریاستی جیل میں گزارنا پڑے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی