i بین اقوامی

خوراک کی قلت، ناروے کا فلسطینیوں کیلئے امداد چار گنا بڑھانے کا فیصلہتازترین

May 15, 2024

ناروے نے فلسطین میں خوراک کو ترستے ہوئے شہریوں کیلئے اپنی امداد کو چار گنا بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ناروے کی بین الاقوامی ترقی کی وزیر اینی بیتھ ٹیونیریم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7ماہ سے جاری جنگ کی وجہ سے غزہ میں ہنگامی بنیادوں پر امداد کی بہت زیادہ ضرورت ہے، غزہ میں خوراک کی قلت اور فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث قحط کا خطرہ ہے، نارویجن وزیر نے غزہ میں بحران اور مغربی کنارے میں نازک صورتحال پر اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔دوسری جانب ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے اسرائیل کو رفح میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج کا یہ آپریشن آبادی کیلئے تباہ کن ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ امداد فراہم کرنا اور بھی بہت زیادہ مشکل اور خطرناک ہو جائے گا، رفح میں پناہ لینے والے 10لاکھ سے زیادہ لوگ پہلے ہی کئی بار قحط، موت کی ہولناکی سے بھاگ چکے ہیں۔یاد رہے کہ ناروے کی حکومت نے فلسطینیوں کی امداد میں 92.5ملین ڈالر اضافہ کرنے کا اعلان کیا جو کہ ناروے کی کرنسی میں ایک بلین کرونر کے برابر ہے، امداد میں اضافے کی تجویز کا اعلان انسانی ہمدردی کے اداروں کی طرف سے غزہ میں قحط کے خطرے کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے، گزشتہ روز پیش ہونے والے بجٹ میں رواں سال 258ملین کرونر اضافہ کیا گیا جو کہ پچھلے بجٹ سے چار گنا زیادہ ہے۔حالیہ بجٹ کے مسودے کے مطابق ناروے رواں سال اپنی مجموعی قومی آمدنی کا تقریبا 0.98فیصد ترقیاتی امداد کیلئے وقف کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاہم امدادی فنڈز کے اعداد و شمار حتمی نہیں اور ان میں تبدیلی کا امکان ہے، ناورے کی مرکز میں بائیں بازو کی حکومت پارلیمنٹ میں اقلیت ہے اور اسے مسودے کی قرارداد منظور کرنے کیلئے دوسری جماعتوں کو بھی قائل کرنا پڑے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی