جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹری کے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں لگنے والی خوفناک آگ میں 20ملازمین بری طرح جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ متعدد کی حالت غیر ہوگئی۔عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جنوبی کوریا کے شہر ہواسیونگ میں بیٹری بنانے والی کمپنی ایریسیل میں پیش آیا۔ آگ فیکٹری کے گودام میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آگ گودام کے اندر بیٹری سیلز کے پھٹنے سے لگی۔ اس گوادم میں تقریبا 35ہزار بیٹریاں رکھی ہوئی تھیں۔فائر بریگیڈ کے عملے نے 4گھنٹوں کی جدو جہدکے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کاموں کے دوران جلی ہوئی فیکٹری کے ملبے سے 20افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔قریبی اسپتال میں ایک درجن کے قریب زخمی ملازمین کو لایا گیا جن میں سے 4کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی