یونان نے ملک میں چند لاکھ یوروز کی سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے 5سال کے ریزیڈنٹ پرمٹ سکیم متعارف کرا دی ، جسے گولڈن ویزا بھی کہا جاتا ہے۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رہائشی اجازت نامہ خریداروں کے خاندان کے افراد ( قریبی رشتہ داروں)پر بھی لاگو ہوتا ہے اور ایسے رشتہ داروں کو بھی 5سال کا ویزا ملتا ہے۔ یونان کے اس گولڈن ویزے کے حامل افراد پوری یورپی یونین میں آزادانہ طور پر منتقل ہو سکتے ہیں،یورپی یوین سے باہر کے کسی بھی ملک کا کوئی شہری جو چاہتا ہے کہ یونان کا گولڈن ویزا حاصل کرلے، اسے یونان کے بڑے شہروں یا جزائر میں 8لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، تاہم کئی دیگر علاقوں میں صرف 4لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کی شرط رکھی گئی ہے۔یورپی ملک یونان کی وزارت خزانہ کے مطابق خریدی گئی جائیدادیں کرائے پر تو دی جا سکتی ہیں لیکن انہیں ایئر بی این بی جیسے پلیٹ فارمز پر ہالیڈے ہومز کے طور پر کرائے پر نہیں دے سکتے۔یونانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ریئل اسٹیٹ کی خریداری کے باعث اپارٹمنٹس اور مکانات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔یونان کی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سال 2023میں یونان میں گولڈن ویزوں کے اجرا سے ڈھائی ارب یورو کی آمدنی حاصل ہوئی تھی، گزشتہ سال یونان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے مکانوں کی خریداری کی کل 8516درخواستیں جمع کرائی گئیں، ان میں سے 1802سرمایہ کاروں کو املاک کی خریداری کی اجازت بھی مل گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی