غزہ پراسرائیلی جارحیت کے بعد تشدد کی لہر خطے میں پھیلنے لگی، عراق میں دوامریکی فوجی اڈوں عین الاسد اور حریر بیس پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں،لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے چار گھنٹوں میں اسرائیل کے تین علاقوں پر بھی حملوں میں جانی نقصان پہنچانے کا دعوی کیا گیا،لبنانی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے ٹینکوں اور جاسوسی کے آلات پر حملے کیے جس سے اسرائیلی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے،حزب اللہ کی جانب سے لبنان کے سرحدی علاقے پر اسرائیلی فوج کے گلیلی ڈویژن کو نشانہ بنانے کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں حزب اللہ کے جانبازوں نے اسرائیلی فوج پر گائیڈڈ میزائل کا حملہ کیا تھا،اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے لبنان کے ایک اور سرحدی علاقے پر بھی اسرائیلی فوجیوں کو اسی انداز میں نشانہ بنایا گیا،شیبا فارمز کے علاقے میں بھی اسرائیلی فوج کو ہدف بنایا گیا جبکہ راس النقورہ کے علاقے میں اسرائیل کے جاسوسی کے آلات کو ایک ایک کرکے تباہ کردیا گیا،حزب اللہ کی جانب سے لبنان کی جانب بڑھنے والے ایک ڈرون کو بھی مبینہ طورپر تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی