i بین اقوامی

حملے کی صورت میں خونریزی ہو گی، کیوبا کی امریکا کو سخت وارننگتازترین

May 19, 2026

کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کی گئی تو اس کے نتیجے میں خونریزی ہو گی اور خطے کا امن شدید خطرات سے دوچار ہو جائے گا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ہمارا ملک امریکا کے لیے کوئی خطرہ نہیں، تاہم اگر حملہ مسلط کیا گیا تو کیوبا بھرپور جواب دے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی ویب سائٹ نے دعوی کیا کہ کیوبا نے 300 سے زائد فوجی ڈرون حاصل کر لیے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر امریکی بحری اڈے گوانتانامو بے اور دیگر اہداف کے خلاف استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔کیوبا نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایک جعلی مقدمہ بنا رہا ہے تاکہ سوشلسٹ ریاست کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا جواز پیدا کیا جا سکے۔

کیوبا کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہر خودمختار ملک کی طرح کیوبا کو بھی اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ امریکی بحریہ مشرقِ وسطی سے واپسی پر کیوبا کو بھی نشانہ بنا سکتی ہے، جہاں امریکا ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی کر رہا ہے۔دوسری جانب ہوانا کے شہریوں نے بھی ممکنہ امریکی حملے کی صورت میں مزاحمت کا عزم ظاہر کیا ہے۔کیوبا اس وقت شدید معاشی اور توانائی بحران کا شکار ہے، رپورٹس کے مطابق وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کے بعد امریکا نے کیوبا کے لیے توانائی کی سپلائی محدود کر دی تھی، جس کے باعث ملک میں ایندھن اور بجلی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی