جنگ کے خدشے کے پیش نظر اسرائیلی شہر حیفہ میں زیر زمین عارضی اسپتال دوبارہ فعال کردیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق حیفہ شہر میں عارضی طور پر ایک بہت بڑا زیرزمین اسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں سیکڑوں کی تعداد میں مریضوں کے بیڈز لگائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ اسپتال جس جگہ بنایا گیا ہے وہ ایک پارکنگ پلازہ کے طور پر استعمال ہوتی ہے جسے 2006 میں اسرائیل اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران اسرائیل کے رمبام میڈیکل سینٹر نے بنایا تھا۔ بی بی سی کے مطابق اسپتال میں 2 ہزار افراد کیلیے بیڈز کی سہولت موجود ہے اور اسپتال میں ضرورت کی تمام اشیا اور میڈیل آلات کا ذخیرہ رکھا گیا ہے لیکن اس وقت اسپتال میں کوئی مریض زیر علاج نہیں۔ خبر کے مطابق ایران اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ممکنہ حملے کے بعد زخمی ہونے والوں اور دیگر اسپتالوں میں زیر علاج افراد کو یہاں منتقل کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ حماس سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران اور اس کے اتحادی مزاحمتی قوتوں نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کررکھا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی