اردن کی فوج کے 70ٹرک ورلڈ فوڈ پروگرام اور دیگر امدادی تنظیموں کا سامان لے کر غزہ جا رہے تھے کہ 3ٹرک حادثے کا شکار ہوکر الٹ گئے۔عرب میڈیا کے مطابق اردن کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ حادثہ بحر مردار کے راستے پر عدسیہ کے نزدیک پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی شناخت سارجنٹ عماد اور سپاہی یحی عثمان کے ناموں سے ہوئی۔حادثے میں 2فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جار ہی ہے۔اردنی فوج کے قافلے میں عالمی غذائی پروگرام سمیت دیگر امدادی تنظیموں کی جانب سے بھیجی گئیں غذائی اشیا، طبی لوازمات اور دوائیں شامل تھیں جو غزہ میں فلسطینی پناہ گزینوں میں تقسیم کی جانی تھیں۔اردن کی فلاحی تنظیم کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر حسین الشبلی نے بتایا کہ غزہ میں انسانی امداد سامان کی ترسیل کی کوششیں جارہی ہیں اور اب تک 2ہزار سے زائد ٹرکوں سے سامان بھیجا جا چکا ہے،ڈاکٹر حسین الشبلی کے بقول یہ امدادی سامان دنیا بھر سے 53طیاروں کے ذریعے اردن پہنچا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی