کینیڈا نے مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزام میں چار اسرائیلیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ اور برطانیہ سمیت دیگر اتحادیوں کی طرح کینیڈا بھی فلسطینیوں کے خلاف آباد کاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کی کوششوں میں شامل ہو رہا ہے۔ کینیڈین وزارت خارجہ کے مطابق یہ پابندیاں ان اسرائیلی آبادکاروں پرعائد کی گئی ہیں جن پر فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک کے خلاف تشدد اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ اپریل میں فرانس نے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے خلاف تشدد میں ملوث اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں بڑھانے پر غور کر رہا ہے۔ حماس ،اسرائیل جنگ کے بعد سے مقبوضہ علاقوں میں بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ، اپریل ہی میں یورپی یونین نے مغربی کنارے اور یروشلم میں فلسطینیوں کے خلاف تشدد کے الزام میں چار اسرائیلی آبادکاروں اور دو آبادکار تنظیموں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ کینیڈا کی جانب سے انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں کے خلاف یہ پہلا قدم ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی