مغربی کنارے میں تشدد کے دو الگ الگ واقعات میں ایک اسرائیلی شہری اور ایک فلسطینی ڈرائیور مارے گئے۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، راملہ کے قریب نیو زوف نامی بستی کے پاس ایک چشمی کے قریب جمع اسرائیلیوں پر گاڑی میں سوار ایک فلسطینی نے فائرنگ کر دی۔موقع پر پہنچنے والے طبی عملے نے بتایا کہ انہوں نے گاڑی میں موجود ایک اسرائیلی شخص کو شدید زخمی حالت میں پایا، جسے بعد میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو چند گھنٹوں بعد راملہ کے ایک اسپتال سے گرفتار کر لیا گیا۔اس واقعے کے فورا بعد اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ مغربی کے شمالی علاقے میں گانم بستی کے قریب ان کی فورسز نے ایک ایسے فلسطینی ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کیا جس نے گاڑی سے ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔اس واقعے میں کسی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ان پرتشدد واقعات کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو فورسز کی تعداد بڑھانے، گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں تیز کرنے اور علاقے میں جارحانہ کارروائیاں کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی