i بین اقوامی

فلسطینی صحافیوں نے ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ اپنے نام کرلیاتازترین

May 03, 2024

آزادی صحافی کے عالمی دن کے موقع پر غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور تباہ کاریوں کی ہر لمحہ رپورٹنگ کرنے والے فلسطینی صحافیوں کو ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی کلچرل ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کے صحافیوں کو فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کے حملے کی کوریج کرنے پر 2024 کے یونیسکو/گیلرمو کینو ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یونیسکو کے مطابق 1997 سے ورلڈ پریس فریڈم ایوارڈ ان افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں، خاص طور پر چیلنجنگ اور خطرناک حالات میں، آزادی صحافت کے دفاع یا فروغ کے لیے قابل ذکر کوششیں کی ہیں۔ میڈیا پروفیشنلز کی انٹرنیشنل جیوری کے سربراہ ماریشیو وائیبل نے کہا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم فلسطینی صحافیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں جو مشکل حالات کے باوجود ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی نے یکم مئی کو کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر حملے شروع ہونے کے بعد سے 35 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں کم از کم 100 فلسطینی صحافی اور میڈیا کارکن بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 2 اسرائیلی اور 3 لبنانی صحافی بھی شامل ہیں۔فلسطین 2024 کے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں 180 ممالک میں سے 157 ویں نمبر پر ہے، خاص طور پر صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے یہ نچلے 10 ممالک میں شامل ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی