چین 100 شہروں اور زونز میں کاربن کے خاتمے کا آزمائشی منصوبہ شروع کریگا تاکہ ملک کی سبز اور کم کاربن کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرکے مختلف علاقوں میں کاربن کے خاتمے کی راہ ہموار ہوسکے۔ قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے جاری کردہ منصوبے کے مطابق 2025 تک آزمائشی علاقوں میں ماحول دوست اور کم کاربن ترقی کے لیے سازگار پالیسی میکانزم موجود ہوگا جس میں بہت سے جدید طریقے اور اصلاحاتی اقدامات شامل ہوں گے جو قابل عمل، قابل نقل اور کہیں بھی لاگو کئے جاسکتے ہیں۔ منصوبے کے تحت مختلف وسائل، ترقیاتی بنیادوں اور صنعتی ڈھانچوں کے ساتھ شہروں اور زونز میں کاربن کے خاتمے کا راستہ اس وقت تک عملی طور پر واضح ہوجائے گا۔ منصوبے کے مطابق 2030 تک آزمائشی شہروں اور زونز میں بنیادی کام ، منصوبے اور اصلاحات مکمل ہو جائیں گی اور ماحول دوست و کم کاربن کی ترقی کو درکار سازگار پالیسی میکانزم مکمل طور پر قائم ہوجائے گا جس میں توقع کی گئی ہے کہ یہ جدید طریقے اور اصلاحاتی اقدامات قومی سطح پر کاربن کے خاتمے میں معاون ہوں گے۔ قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن نے کہا کہ پائلٹ منصوبہ ابتدائی طور پر 15 صوبائی علاقوں کا احاطہ کرے گا، اس میں ان کے کاربن اخراج کے مجموعی حجم اور اضافے کے رجحانات کے ساتھ ساتھ مقامی معاشی اور سماجی ترقی کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی