i بین اقوامی

برطانیہ‘ اسلامی اجتماع کو نشانہ بنائے جانے کا خطرہ، 12 افراد گرفتارتازترین

July 14, 2026

برطانوی پولیس نے انتہا پسند دائیں بازو کے حملوں کے خطرے پر 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق اسلامی اجتماع کو مبینہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خطرے پر گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ یہ گرفتاریاں انتہا پسند دائیں بازو کی دہشت گردی سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں کی گئیں۔پولیس نے بتایا کہ 8 افراد دہشت گردی ایکٹ کے تحت، 3 قتل کی سازش کے شبے میں اور ایک خاتون کو مجرم کی مدد کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ ان گرفتار افراد کی عمریں 27 سے 60 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں اتوار اور پیر کے روز انگلینڈ میں مختلف مقامات پر کی گئیں۔ مشرقی انگلینڈ، مانچسٹر اور لندن کے قریب متعدد مقامات کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حکام کو مذہبی تقریب کے حوالے سے ممکنہ سنگین خطرے کا علم ہوا تھا، مذہبی تقریب مشرقی انگلینڈ کے علاقے سفوک میں 9 سے 12 جولائی تک منعقد ہوئی جس میں تقریبا 15 ہزار افراد شریک تھے۔تقریب کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا گیا تھا، برطانیہ نے اپریل میں دہشت گردی کے خطرے کی سطح بڑھا کر شدید کر دی تھی۔ادھر برطانوی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیں نفرت کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملک کے مشترکہ یقین پر متحد ہونا ہوگا جو تمام برادریوں کے لیے فراخ دل ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی