بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں ایل پی جی پمپ میں خوفناک آگ لگ گئی جس سے 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں ایل پی جی گیس پمپ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، یہ واقعہ بدھ کی رات تقریبا 11:20 بجے پیش آیا۔ آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جاسکا ہے، پمپ سے نکلنے والی گیس شہر میں پھیل گئی ہے۔ گیس پھیلنے سے اب تک آدرش گرام علاقے کے کئی گھر جلنے کے ساتھ دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش فائر سروس کے 10 یونٹ اور بنگلہ دیشی فوج کے مزید 2 یونٹ آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ پورے شہر میں بجلی کی بندش کے علاوہ شاہراہ پر طویل فاصلے تک گاڑیوں کی آمدورفت بند ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جن میں سوار مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی