بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے محکمہ جنگلات کے 4اہلکار ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اتراکھنڈ کے الموڑہ ضلع میں بنسر وائلڈ لائف سینکچری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، آگ بجھانے میں مصروف محکمہ جنگلات کے 4اہلکار جھلس کر ہلاک اور 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین سے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے 10لاکھ بھارتی روپے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے افسر نے بتایا کہ مقامی انتظامیہ نے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جس میں ائیر فورس کے ہیلی کاپٹرز کی مدد مانگی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گرم اور خشک موسم کے سبب جنگلات میں آگ لگی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آگ لگنے کے 7مختلف واقعات رونما ہوچکے ہیں جب کہ آگ کے سبب جنگلات کا 4.50ایکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی