بھارت کی جنوبی ریاست آندھرا پردیش میں ٹرین حادثے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق پیر کے روز آندھرا پردیش کے بڑے شہر وشاکھاپٹنم سے تقریبا 68 کلومیٹر شمال میں ضلع وجے نگرام ہاوڑہ- چنئی لائن پر ایک مسافر ٹرین نے سگنل توڑتے ہوئے دوسری ٹرین کو پیچھے سے ٹکرماردی۔ حادثے میں 3 بوگیاں پٹڑی سے اترگئی تھیں ۔ فوری طور ڈیزاسٹر رسپانس فورس کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا جنہوں نے رات بھر امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے کے افسر تعلقات عامہ بسواجیت ساہو نے بتایاکہ اب تک 11 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ساہو نے کہا کہ حادثے کے سبب 18 ٹرینوں کو منسوخ کرتے ہو ئے 22 ٹرینوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔ بھارت کے وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے ہلاک شدہ افراد کے اہلخانہ ، شدید اور معمولی زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ بھارت میں رواں ماہ یہ دوسرا بڑا ٹرین حادثہ ہے ۔اس سے قبل مشرقی ریاست بہار میں 12 اکتوبر کو مسافر ٹرین پٹڑی سے اترگئی تھی جس میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی