اسرائیلی پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم یونائیٹڈ نیشنز ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (انروا)کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کیلئے بل منظور کرلیا۔عالمی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد بل امور خارجہ اور ڈیفنس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔فلسطین، لبنان، اردن اور شام کے علاقوں میں فلسطینیوں کی تعلیم اور صحت سے متعلق کام کرنے والے ادارے انروا اور اسرائیلی حکومت کے درمیان تعلقات ہمیشہ تنا کا شکار رہے ہیں تاہم 7اکتوبر کے بعد اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے بعد تعلقات کی تلخی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے انروا کے ترجمان جولیٹ ٹوما کا کہنا تھا کہ ایجنسی کو بند کرنے کی ایک وسیع مہم کے ذریعے یہ ایک اور کوشش کی گئی ہے، ایسے اقدامات اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔حماس اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بھی انروا کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے اسرائیلی پارلیمنٹ کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپیل کی گئی ہے کہ عالمی برادری انروا کو بند کرنے کی سازش کے خلاف مزاحمت کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی