i بین اقوامی

اسرائیلی فوج کا غزہ میں مکان پر فضائی حملہ، فلسطینی میاں بیوی 4 بچوں سمیت شہیدتازترین

July 22, 2026

اسرائیلی فوج کے غزہ میں مکان پر فضائی حملے میں فلسطینی میاں بیوی 4 بچوں سمیت شہید ہوگئے۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فجر کے وقت غزہ شہر پر فضائی حملہ کیا، مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے علاقے حی الصبرہ میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا۔شہدا میں فراس حمد المصری، ان کی اہلیہ سلسبیل محمد علی المصری اور ان کے چار بچے نعیم، فریال، سلم اور امیرہ شامل ہیں، عینی شاہدین کے مطابق حملے کے نتیجہ میں مکان میں بھڑکنے والی شدید آگ کی وجہ سے شہری دفاع کے عملے کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فائر فائٹنگ کی ٹیموں نے غزہ میونسپلٹی کے عملے کے تعاون سے مکان میں لگی ہولناک آگ پر قابو پا لیا اور شعلوں کو قریبی گھروں تک پھیلنے سے روک دیا۔

دریں اثنا اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرق میں فائرنگ کی جبکہ اس دوران علاقے میں توپ خانے کی گولہ باری بھی کی گئی۔خان یونس کے علاقے مواصی میں بئر 19 کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا، گزشتہ رات شمالی غزہ میں جبالیا کیمپ کے اندر واقع یمن السعید ہسپتال کی پہلی منزل پر ایک صیہونی ڈرون کے حملے کے نتیجے میں چار افراد شہید اور دیگر کئی زخمی ہو گئے تھے۔فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ سال 10 اکتوبر کو جنگ بندی کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1169 ہو چکی ہے اس کے علاوہ 3756 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 802 لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی