i بین اقوامی

اسرائیلی فوج کے رفح پر حملوں میں 22 فلسطینی شہید، شہریوں کو رفح خالی کرنیکا حکمتازترین

May 06, 2024

صیہونی فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران رفح پر حملے کرکے مزید 22 فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ عام شہریوں کو رفح خالی کرنے کے بھی احکامات دیے گئے،مشرقی رفح سے ایک لاکھ کے قریب فلسطینی شہری انخلا کرچکے ۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے 5 سے زائد رہائشی گھروں کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 22 افراد شہید ہوگئے۔ اسرائیل کی جانب سے رفح پر یہ حملے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے جنگجوں کے حملے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو نے کے بعد کیے گئے۔ دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ لینے والے عام شہریوں کو فوری علاقہ چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے ہیں جس کے نتیجے میں مشرقی رفح سے ایک لاکھ کے قریب فلسطینی شہری انخلا کرچکے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے خوفزدہ 15 لاکھ فلسطینی شہریوں نے رفح میں پناہ لے رکھی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ مشرقی رفح میں موجود لوگ خان یونس شہر اور المواسی ٹاون میں موجود اسرائیلی فوج کی جانب سے بنائے گئے عارضی کیمپس میں چلے جائیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم متوقع زمینی آپریشن سے پہلے مشرقی رفح سے ایک لاکھ لوگوں کو نکال رہے ہیں۔ یاد رہے کہ عالمی برداری پہلے ہی اسرائیل کو رفح میں زمینی آپریشن کی صورت میں تباہ کن نتائج سے خبردار کرچکی ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیل نے قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ ٹی وی کو بھی بند کردیا ہے جب کہ اسرائیلی حکام نے الجزیرہ ٹی وی کی نشریات کو روکنے کے بعد اس کا سامان ضبط کرلیا اور ویب سائٹ بھی بلاک کردی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی