i بین اقوامی

اسرائیلی بمباری سے مزید 400فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 5ہزار سے تجاوز کر گئیتازترین

October 24, 2023

مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت مسلسل جاری ہے جس پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، صیہونی فورسز نے گزشتہ 24گھنٹوں میں 320مقامات کو نشانہ بنایا جس سے مزید 400سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں،صیہونی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، رفح شہر پر اسرائیل نے ایک اور فضائی حملہ کیا جس میں 18معصوم فلسطینی شہید ہوگئے،صیہونی فورسز نے 24گھنٹوں میں 324مقامات کو نشانہ بنایا جن میں 400سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیلی جارحیت سے شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 5ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 15ہزار سے زائد زخمی اور 1ہزار 850شہری لاپتہ ہیں۔اسرائیل غزہ میں پناہ گزین کیمپ، ہسپتال، مساجد اور گھروں کو مسمار کر رہا ہے، حملوں میں اقوام متحدہ کے 13اہلکار بھی مارے جا چکے ہیں جبکہ مغربی کنارے میں چھاپے مار کر ڈاکٹر سمیت 7فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا، اسرائیل نے شمالی غزہ میں ہسپتالوں کو خالی کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال خالی نہ کیے تو بمباری کریں گے،دوسری جانب حماس کا دعوی ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے زمینی حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے، جھڑپ میں اسرائیل کا ایک ٹینک اور دو بلڈوزر تباہ ہوئے، سرحدی علاقے خان یونس کے قریب زمینی حملے کی پسپائی کے بعد صیہونی فوجی اپنی گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام نے اعتراف کیا کہ ایک ٹینک نے غلطی سے غزہ کی پٹی کے باہر مصری پوزیشن کو نشانہ بنایا، اسرائیلی فوج غزہ اور اسرائیل کے درمیان آہنی باڑ کی مرمت کیلئے جانا چاہتی تھی کہ اسرائیلی فوج کا ٹینک فلسطینیوں کے نرغے میں آگیا اور اسرائیلی فوج فائرنگ کی زد میں آکر ٹینک چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی