لبنان کے نگران وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت جب اسرائیل جنوبی لبنان کے علاقوں سے نکل جائے گا تو لبنانی فوج اپنی پوری ذمہ داریاں انجام دے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیراعظم نجیب میقاتی نے جنوبی لبنان کے قصبے مرجعیون میں لبنانی فوج کی بیرکوں کے دورے کے دوران کہا کہ ہم جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی کمیٹی کے ساتھ ایک میٹنگ کریں گے، ہمارے سامنے بہت سے کام ہیں جن میں سب سے نمایاں اس تمام سر زمین سے دشمن کا انخلا ہے جن میں وہ اپنی حالیہ جارحیت کے دوران گھس بیٹھا ہے۔رپورٹ کے مطابق نجیب میقاتی نے زور دے کر کہا کہ فوج اپنے مشن میں کبھی ناکام نہیں ہوئی، ہمیں ایک مشکل امتحان کا سامنا ہے، فوج ثابت کرے گی کہ وہ درکار تمام کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، مجھے اس معاملے میں مکمل اعتماد ہے۔نجیب میقاتی نے آرمی کمانڈر جنرل جوزف عون کی تعریف کی اور فوج کے لیے ان کی مکمل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی