امریکی فوج نے لاک ہیڈ مارٹن کو پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کیلئے انٹر سیپٹر میزائل تیار کرنے کا بڑا معاہدہ دیا ہے جس کی مالیت 58.6 ارب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق پینٹاگون نے اس معاہدے کا اعلان کر دیا ہے، لاک ہیڈ مارٹن کے ساتھ اپریل میں 4.7 ارب ڈالر کا ایک سالہ معاہدہ کیا گیا تھا، اب اس معاہدے کو 7 سال میں تبدیل کر دیا گیا ہے، معاہدے کے تحت مالی سال 2026 سے 2032 تک پیٹریاٹ انٹر سیپٹر میزائلوں کی خریداری کا منصوبہ بنایا جائے گا۔پینٹاگون دفاعی کمپنیوں پر زور دے رہا ہے کہ میزائلوں کی پیداوار میں تیزی لائیں، صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھی دفاعی کمپنیوں پر دبا بڑھایا ہے کہ وہ شیئر ہولڈرز کو منافع دینے کے بجائے سرکاری دفاعی معاہدوں کی تکمیل اور پیداوار میں اضافے کو ترجیح دیں۔
لاک ہیڈ مارٹن نے کہا ہے کہ اس فنڈنگ سے کمپنی 2030 کے اختتام تک انٹر سیپٹر میزائلوں کی پیداوار 3 گنا بڑھانے کے اپنے منصوبے پر عمل کر سکے گی، منصوبے کے نتیجے میں ملازمتوں کی تعداد 50 فیصد بڑھ کر 1,200 سے 1,850 تک پہنچ جائے گی۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور یوکرین میں جاری تنازعات کے باعث امریکا کے ہتھیاروں کے ذخائر، فضائی دفاعی اور درست نشانے والے ہتھیاروں کے ذخیرے پر دبائو بڑھ رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی