اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل ریاست کی رکنیت دینے کی درخواست پر امریکا نے ویٹو کردی۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق سلامتی کونسل کے 12 ارکان نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت دینے کی حمایت کی، برطانیہ اور سوئٹزر لینڈ نے قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جبکہ امریکا نے درخواست کو ویٹو کردیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا کی جانب سے درخواست ویٹو کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اقدام غیر منصفانہ اور غیر اخلاقی قرار دیا۔ حماس نے بھی امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امریکا کے اس اقدام سے متعلق پہلے سے خدشہ تھا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ نے ویٹو کرنے کے امریکی اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج سلامتی کونسل میں شرمناک تجویز مسترد کردی گئی۔ قرار داد کا مسودہ پیش کرنے والے کونسل کے رکن ملک الجزائر کے اقوام متحدہ میں سفیر امر بیندجمہ نے کہا کہ فلسطین کی رکنیت کی سفارش کی بھرپور حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینیوں کو اقوام متحدہ کا مکمل رکن ہونا چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی