ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کی پشت پناہی کر رہا ہے، اگرچہ اس جنگ میں حزب اللہ کونقصان پہنچا مگر یہ جنگ اسرائیل نہیں مزاحمتی قوتیں ہی جیتیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کا جاری بیان میں کہنا تھا کہ صدارتی الیکشن کیلیے امریکی حکومت کو اس بات کی ضرورت ہے کہ وہ یہ ظاہر کرے کہ اس نے صیہونی حکومت کی مدد کی ہے اور اسے جنگ جتوائی ہے، ساتھ ہی امریکی حکومت کو مسلمانوں کے ووٹوں کی بھی ضرورت ہے اس لیے وہ یہ ظاہر کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ جیسے وہ اس جنگ میں ملوث نہیں ہیں۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطین اور لبنان میں اسرائیلی جنگ کی پشت پناہی امریکہ کر رہا ہے، امریکہ اس جنگ میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ اسے ضرورت ہے کہ صیہونی حکومت یہ جنگ جیتے۔انہوں نے کہا کہ حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی قوتیں ہی یہ جنگ جیت رہی ہیں جس کا ثبوت اسرائیل کی جانب سے لبنان اورفلسطین میں خواتین، بچوں کو بیدریغ قتل کرنا، اسکولوں اوراسپتالوں پر بمباری ہے۔آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کی موثرقیادت میں سے کچھ اہم رہنما شہید ضرور ہوئے ہیں جس سے حزب اللہ کو نقصان پہنچا ہے مگر یہ نقصان حزب اللہ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ مزاحمتی قوتیں ہی جیتیں گی اور ہر مسلمان پرفرض ہے کہ مسجد الاقصی کی آزادی کیلئے مدد کی کوشش کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی