i بین اقوامی

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں، قطری وزارت خارجہتازترین

September 21, 2026

قطر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے گزشتہ تقریبا دو ہفتوں سے سفارتی رابطے اور مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے جبکہ پاکستان بھی دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں شریک ہے۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق قطر کی ثالثی ٹیم تہران اور واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں ہے اور مذاکرات کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثالث مختلف دارالحکومتوں کے درمیان سفر کررہے ہیں تاکہ اس معاملے میں پیش رفت ہوسکے۔ ماجد الانصاری نے بتایا کہ قطر کو امریکی انتظامیہ کے حکام کی جانب سے یہ یقین دہانیاں بھی ملی ہیں کہ واشنگٹن کسی معاہدے تک پہنچنا چاہتا ہے۔قطری ترجمان کے مطابق خطے میں استحکام کے لیے علاقائی حل اور ایسا بین الاقوامی اتفاق ضروری ہے جو آبنائے ہرمز سمیت اہم آبی گزرگاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک ریاست کی جانب سے آبی گزرگاہ پر اپنی بالادستی قائم کرکے اسے بطور ہتھیار استعمال کرنا سب کے لیے خطرناک مثال بن سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی