امریکہ کی 14 وسطی ریاستوں کے لیے بجلی فراہم کرنے والے علاقائی گرڈ آپریٹر نے شدید گرمی کی لہر اور بجلی کی ریکارڈ طلب کے باعث خبردار کیا ہے کہ خطے میں بجلی کی فراہمی کا نظام شدید دبا کا شکار ہے اور کسی بھی وقت رولنگ بلیک آئوٹ (وقفے وقفے سے بجلی کی بندش) کے آرڈر دیے جا سکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، نارتھ ڈکوٹا سے لے کر لوویزیانا تک پھیلے ہوئے وسیع علاقے میں شدید گرمی کی لہر کے دوران متعدد پاور پلانٹس غیر متوقع طور پر بند ہو گئے۔ اس اچانک تکنیکی خرابی کے باعث گرڈ کا ریزرو مارجن انتہائی خطرناک سطح تک کم ہو گیا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے گرڈ آپریٹر 'ساتھ ویسٹ پاور پول' نے 'لیول 3 انرجی الرٹ' جاری کیا
اس الرٹ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ گرڈ آپریٹر کو بجلی کی شدید ترین طلب کو پورا کرنے کے لیے اپنے تمام آپریشنل ریزرو کا استعمال کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کے مطابق الرٹ جاری کرنے کے بعد چند گھنٹوں میں خطرے کی سطح میں کچھ کمی آئی ہے اور فی الحال کسی علاقے میں بجلی کی جبری بندش نہیں کی گئی، تاہم اگر طلب میں مزید اضافہ ہوا یا نظام پر دبائو بڑھا تو پورے نیٹ ورک کو بیٹھنے سے بچانے کیلئے کنٹرولڈ بلیک آٹ کا سہارا لیا جا سکتا ہے۔ گرڈ آپریٹرز کا کہنا ہے کہ انتہائی نایاب صورتحال میں جب پورا پاور سسٹم خطرے میں ہو، تو بڑے پیمانے پر سسٹم کی تباہی کو روکنے کے لئے مخصوص علاقوں کی بجلی عارضی طور پر کاٹنا پڑتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی