i بین اقوامی

عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا، نتائج کا جائزہ لیں گے اور اپنا احتساب کریں گے،ترک صدرتازترین

April 01, 2024

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بلدیاتی انتخابات میں انقرہ اور استنبول سمیت بڑے شہروں میں اپنی جماعت اے کے پارٹی کی شکست پر کہا ہے کہ ترک عوام نے بلدیاتی انتخابات میں ووٹ کے ذریعے سیاست دانوں کو اپنا پیغام پہنچا دیا ہے، نتائج کا پارٹی میں جائزہ لیں گے اور اپنا احتساب کریں گے۔ اپنے بیان میں طیب اردوان نے کہا کہ 31 مارچ ہمارے لیے اختتام نہیں ٹرننگ پوائنٹ ہے، مئی 2023 کے الیکشن میں جیت کے 9 ماہ بعد ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے لیکن ہم اپنی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیں گے اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ خیال رہے کہ دو دہائیوں سے زیادہ اقتدار میں رہنے والی صدر اردوان کی اے کے پارٹی کو بلدیاتی انتخابات میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ حزبِ اختلاف کی ریپبلکن پیپلز پارٹی نے 70 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ استنبول کے میئر امام اوغلو کو تقریبا 10 پوائنٹس کی برتری حاصل ہوئی جبکہ انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواش کی جیت کا جشن منانے کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی