i بین اقوامی

آئرلینڈ نے یورپی یونین کونسل کی گردشی صدارت سنبھال لیتازترین

July 02, 2026

آئرلینڈ نے یورپی یونین کی کونسل کی چھ ماہ کے لئے گردشی صدارت سنبھال لی۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس دوران اسے بڑھتے ہوئے عالمی جغرافیائی و سیاسی چیلنجز کے درمیان تقریبا 300 قانون سازی سے متعلق معاملات پر پیش رفت کرنی ہوگی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان معاملات میں یورپی یونین کے طویل المدتی بجٹ پر مذاکرات، یورپی دفاع، یوکرین کی حمایت، ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات اور مرکوسور تجارتی معاہدہ شامل ہیں۔آئرلینڈ نے کہا ہے کہ اس کی چھ ماہ کی صدارت کے دوران یورپی یونین کی مسابقتی صلاحیت کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی، اس مقصد کے لئے قواعد و ضوابط کو آسان بنایا جائے گا، رہائشی، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق آئرلینڈ کا کہنا ہے کہ مشترکہ یورپی منڈی کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور قابلِ اعتماد شراکت داروں کے ساتھ تجارتی روابط کو وسعت دینے کے ساتھ سپلائی چین کو بھی زیادہ مضبوط بنایا جائے گا۔آئرش صدارت توانائی کے تحفظ، صاف توانائی کی جانب منتقلی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کلاڈ کمپیوٹنگ اور زیرِ سمندر مواصلاتی کیبلز کے تحفظ کو بھی ترجیح دے گی۔اس کے ساتھ ساتھ پائیدار زراعت اور ماہی گیری، جدت طرازی، ایراسمس پلس طلبہ تبادلہ پروگرام، سیمی کنڈکٹرز اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری اور صحت و طبی ٹیکنالوجی سے متعلق قوانین کو جدید بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ یورپی یونین کی اقتصادی اور تزویراتی صلاحیت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی