لاہور ٹریک پر ٹرین کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ تازہ واقعے میں ریل کار روانہ ہوتے ہی پٹڑی سے اتر گئی۔ میڈیارپورٹکے مطابق لاہور سے راولپنڈی جانے والی ریل کار روانگی کے فوری بعد پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث ٹریک پر ریل گاڑیوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بری طرح متاثر ہوا ۔انتظامیہ نے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر روانہ کیں۔ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ریلوے ٹریک جوڑنے کیلئے فش پلیٹ کی جگہ لکڑی کا پیس لگا کر جوڑا گیا تھا۔ لکڑی کا پیس ٹوٹنے سے ریل کار لاہور سے روانہ ہوتے ہی ڈی ریل ہوگئی۔پٹڑی سے اترنے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ حرکت میں آئی اور ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ٹریک کی بحالی کا کام شروع کیا۔واضح رہے کہ لاہور ریلوے ٹریک پر ٹرین حادثات معمول بن چکے ہیں، جس سے مسافروں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ریلوے حکام کی جانب سے ٹریک کی مرمت میں غفلت برتنے کے واقعات تسلسل کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں، جو ریلوے سسٹم کی خستہ حالی اور انتظامی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی