ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں افغانستان اورپاکستان کے درمیان میچ میں ہونے والے جھگڑے کے باعث قومی بیٹر آصف علی اور افغان بالر فرید احمد پر جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے،پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں قومی بیٹر آصف علی اور افغان بالر فرید احمد کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا،میچ کے 19ویں اوور میں سنسنی خیز لمحات میں پاکستانی بیٹر آصف علی افغان بالر فرید احمد کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے تو افغان بالر نے غیر شائستہ زبان استعمال کی اور نازیبا اشارے کیے،جس پر آصف علی نے ردعمل دیتے ہوئے افغان بالر پر بلا اٹھایااور دونوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، آصف علی نے فرید احمد کی جانب مکا بھی لہرایا،دیگر کھلاڑیوں اور امپائر نے بیچ میں آکر جھگڑا ختم کروایا،کھیل ختم ہونے کے بعد میچ ریفری نے دونوں کو طلب کیا اور معاملے پر سماعت کی۔ میچ ریفری نے دونوں کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کرنے سے متعلق آگاہ کیا،آئی سی سی کی جانب سے( آج) جرمانے کا باضابط اعلان کیا جائے گا، آصف علی پر فزیکل کنٹیکٹ کرنے کے باعث آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کے تحت جرمانے کا خدشہ ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی