i پاک-چین

پی ایل اے کی 97 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں استقبالیہ تقریب کا انعقادتازترین

July 19, 2024

اسلام آباد، 19 جولائی( آئی این پی) چین کی پیپلز لبریشن آرمی ( پی ایل اے) کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چینی سفیر جیانگ زیڈونگ ،چینی دفاعی اتاشی عوامی نمائندوں، سول، ملٹری حکام کی بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔

 جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھیاس موقع پر موجود تھے۔

جنرل شمشاد مرزا کے علاوہ چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک درمیان موجودہ دہائیوں پرانی دوستی اور عسکری تعلقات بارے اظہار خیال کیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم اگست 1927 کو اپنے قیام کے بعد سے، پی ایل اے ایک جدید اور پیشہ ورانہ کثیر الخدمت مسلح فورس بن گئی ہے جس کی عالمی شہرت ایک مہذب اور پرامن فوجی قوت کے طور پر ہے جو عالمی امن کے لیے اپنا قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔

چین اور پاکستان کی دونوں مسلح افواج کے درمیان برادرانہ تعلقات "ہمیشہ ان کے دوطرفہ تعلقات ، خاص طور پر خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک ستون کے طور پر کام کررہے ہیں۔

دونوں مسلح افواج کے درمیان قابل اعتماد دوستی اور عملی تعاون مشترکہ مشقوں، اہلکاروں کے تبادلوں، تربیت، سازوسامان کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی شعبے میں وسعت اختیار کر گیا ہے۔

جنرل شمشاد مرزا نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں پاکستان کے عوام اور پاکستانی فوج کی جانب سے پی ایل اے کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے کہا کہ پاکستان کی فوج اور پاکستانی عوام کو چین کے ساتھ اپنے گہرے برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں افواج دو طرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی بھائی چارے کا ثبوت ہے۔"

جنرل شمشاد مرزا نے کہا کہ پاک چین تعلقات غیر معمولی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ اسٹریٹجک اتار چڑھا کا مقابلہ کیا ہے۔

 سی پیک کی اہمیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے سماجی و اقتصادی شراکت داری کی مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے اور پاکستان کی معاشی ترقی چین کے بغیر نامکمل ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مصروف عمل چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی خاص اور وقت کی آزمائش پر پورا اتری ہے۔

چین کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی قیادت میں چین ترقی اور پرامن ترقی کے نئے دور میں داخل ہو گیا ہے او چین نے خود کو ایک عظیم جدید اور سوشلسٹ ملک کے طور خود کو قائم کیا ہے۔

انہوں نے سماجی استحکام اور پرامن ترقی کے لیے عالمی سطح پر چین کے قائدانہ کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے کشمیر اور دیگر علاقائی مسائل پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد رہے گی۔

چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور اس نے پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں پیش کی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور علاقائی اور عالمی سطح پر امن و ترقی کے فروغ کے لیے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے دونوں فوجوں کے درمیان گزشتہ برسوں سے بڑھتے ہوئے ڈائلاگ کا بھی ذکر کیا۔

استقبالیہ میں موجود تجزیہ کاروں اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے چین کی دفاعی پالیسی اور خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر پی ایل اے کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی