i پاکستان

زمین الاٹمنٹ میں بے قاعدگیاں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنر کوعہدوں سے ہٹا دیا گیاتازترین

September 27, 2024

سندھ کے شہردادو میں زمین الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کے الزام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل کمشنر دادو جاوید علی لاڑک اور اسسٹنٹ کمشنر دادو شاہنواز میرانی کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ کمشنر حیدرآباد کی سفارش پر دونوں افسران کو فوری فارغ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں افسران نے پرائیوٹ پارٹی میں ایم ایس لونڈ کی غیرقانونی حمایت کی۔ دادو میں سکھر آئی بی اے کیمپس اور یونیورسٹی آف سندھ کے لیے زمین الاٹمنٹ میں مبینہ فراڈ کرکے زمین پرائیوٹ بلڈر کو دی۔ دونوں افسران پر حکومت سندھ کے مفادات کے خلاف عمل کرنے کا الزام ہے۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے افسران کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی