i پاکستان

اسلام آباد پولیس کیلئے نئی پالیسی 2026 جاری، ہفتہ وار آرام لازمی قرارتازترین

October 24, 2026

وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی سے متعلق نئی پالیسی 2026 جاری کر دی گئی جس کے تحت پولیس فورس کے لیے ہفتہ وار آرام لازمی قرار دیا گیا ہے۔پالیسی کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کو تمام عہدوں کے افسران اور اہلکاروں کی اتفاقیہ رخصت منظور کرنے کا اختیار ہو گا جبکہ ایس پی اور ڈی ایس پی کے عہدے تک کے افسران کی طویل چھٹیاں بھی آئی جی منظور کر سکیں گے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کو کانسٹیبل سے انسپکٹر تک تمام رخصتوں کی منظوری کا اختیار دیا گیا ہے۔پالیسی کے تحت ایس ایچ او کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل تک 3 دن کی اتفاقیہ رخصت منظور کر سکے گا جبکہ ڈی ایس پی کو 5 دن تک رخصت منظور کرنے کا اختیار ہو گا۔ایس پی کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک کی اتفاقیہ رخصت منظور کر سکے گا

جبکہ ایس ایس پی ایس ایچ او اور انسپکٹر کے عہدے تک کے افسران کو 3 دن کی اتفاقیہ رخصت دے سکے گا۔پالیسی میں حج کے لیے 45 دن اور عمرہ و زیارات کے لیے 21 دن کی رخصت مقرر کی گئی ہے، طبی ضروریات کے تحت پولیس اہلکاروں کو طبی رخصت بھی دی جائے گی۔نئی پالیسی کے مطابق ہفتہ وار آرام کو باقاعدہ رخصت سے الگ رکھا جائے گا، مرکزی اور صوبائی مقابلے کے امتحانات میں شرکت کے لیے 20 دن جبکہ انٹرویو کے لیے 15 دن تک رخصت مل سکے گی۔شادی کے موقع پر خواتین پولیس افسران کو 1 ماہ جبکہ مرد اہلکاروں کو 10 دن کی رخصت دینے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی