i پاکستان

ترقی کے سفر میں پاکستان اور چین اہم شراکت دار ہیں، وزیراعظم شہباز شریفتازترین

January 29, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کے سفر میں پاکستان اور چین اہم شراکت دار ہیں، چین کے ساتھ قریبی تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔چین کے سال نو کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر شی جن پنگ، چین کے برادر عوام اور پاکستان میں موجود ہمارے چینی دوستوں کو نئے سال کے پرمسرت موقع پر تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پچھلی 6 دہائیوں کے دوران چین کا ترقی کا سفر چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندی اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین کی کامیابی کی کہانی ہمیں تحریک اور محنت کی ترغیب دیتی ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا ایک لازوال رشتہ ہے جو بتدریج مضبوط تر ہو رہا ہے، باہمی اعتماد اور مشترکہ خواہشات سے جڑے ہمارے قریبی تعلقات اب ایک جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں، یہ آہنی بھائی چارہ بدستور پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ چینی سال نو تجدید، تبدیلی اور نئے آغاز کے وعدے کی علامت ہے، اس موقع پر لوگ اپنے خاندانوں اور دوستوں سمیت روایتی کھانوں، تحائف کا تبادلہ کرنے اور آنے والے سال کیلئے برکتوں کو مدعو کرنے کیلئے جمع ہوتے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کیلئے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے، دعا ہے کہ یہ سال ہماری دو عظیم قوموں کیلئے خوش نصیبی اور مسلسل کامیابیاں لائے اور ہمارے دونوں لوگوں کے درمیان اٹوٹ رشتوں کو مزید مضبوط کرے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی