i پاکستان

توشہ خانہ ریفرنس ،نوازشریف کی جانب سے بریت کی درخواست دائرتازترین

May 07, 2024

احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے بریت کی درخواست دائر کردی، احتساب عدالت نے نواز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل 23 مئی کو طلب کرلیے ۔احتساب عدالت اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس پر سماعت کی ، صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے وکیل ارشد تبریز عدالت پیش ہوئے ۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان عدالت پیش ہوئے ، توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں نواز شریف کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کردی گئی۔ جج ناصر جاوید رانا نے ریمارکس دئیے کہ بریت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیتے ہیں جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ درخواست بریت کو نیب ہیڈ کوارٹر بھجوا دیتا ہوں ، شارٹ نوٹس کردیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کی بریت کی درخواست پر دلائل 23 مئی کو طلب کرلیے ۔ دوران سماعت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے درخواست منظور کرلی۔ وکیل ارشد تبریز نے عدالت کو بتایا کہ صدر آصف علی زاردی کو صدارتی استثنی حاصل ہے ان کی حد تک کیس نہیں چل سکتا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ صدراتی استثنی کے حوالے سے درخواست مل گئی ، اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ احتساب عدالت نے توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس پر سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی