i پاکستان

توشہ خانہ ٹو،خصوصی عدالت کا پیر کو عمران اور بشری کے دلائل سننے کا فیصلہتازترین

September 20, 2024

اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں 23 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواست پر دلائل سننے کا فیصلہ کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی نے توشہ خانہ ٹو میں اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد سے رجوع کرلیا اور دائر درخواست میں کہا ہے کہ نیب تفتیشی آفیسر نے تاحال ضمنی رپورٹ نہیں جمع کروائی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے وکیل خالد یوسف چوہدری پیش ہوئے اور کہا کہ عدالت نے 16 ستمبر کو حکم دیا تھا کہ تین دن کے اندر ضمنی رپورٹ جمع کروائی جائے، عدالت نے 16 ستمبر کو تفتیشی آفیسر کو اپنے بیان میں الزامات بیان کرنے کا کہا، تفتیشی آفیسر نے تین ایام کے اندر اپنا بیان نہیں جمع کروایا، تفتیشی آفیسر کو حکم دیا جائے وہ بیان جمع کروائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ریاستی مشینری انصاف کے حصول میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے، حق آزادی کو تاخیری حربوں سے سلب کیا جا رہا ہے، درخواست ضمانت پہ تاخیری حربوں کا استعمال جوڈیشل پالیسی کی خلاف ورزی ہے۔ اسپیشل جج سینٹرل نے تفتیشی آفیسر سے (آج) ہفتہ تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست ضمانت پہ 23 ستمبر کو دلائل سنے جائیں گے۔ بعدازاں سماعت ملتوی کردی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی