عدالت نے توشہ خانہ 2کیس میں بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کردی،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ توشہ خانہ 2کیس کیس کی سماعت راولپنڈی عدالت میں ہوئی،سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی،ایف آئی ا ے پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اپنی ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی وکالت بیرسٹر سلمان صفدر نے کی ۔ ایف آئی ا ے پراسیکیوشن وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب سے ملنے والا 7 کروڑمالیت کا قیمتی سیٹ29 لاکھ میں حاصل کیا،نیب نے فارن آفس کے ذریعے سعودی عرب سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کرلی ہے،اس سیٹ میں نیکلیس،ایئررنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں،بطوروزیراعظم بانی پی ٹی آئی نے قیمتی سیٹ کی مارکیٹ قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی،بانی پی ٹی آئی نے ریاست کو ملنے والے تحفے کو توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر اپنے پاس رکھ لیا،بانی پی ٹی آئی نے اپنے آفس سیکرٹری انعام شاہ کے ذریعے بلغاری سیٹ کی قیمت لگوائی،انعام شاہ اور توشہ خانے کے اہلکار نے اس عمل کی تصدیق کردی ہے،بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کیخلاف کیس ثابت شدہ ہیضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔ وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا توشہ خانہ 2 کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے،پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں،دونوں مقدمات میں ملزمان بھی ایک جیسے ہیں،سپریم کورٹ کینیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہیے،پہلے نیب سے اسپیشل جج سینٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو ضمانت نہیں ملی، عدالت سے درخواست کرتے ہیں ضمانت منظور کی جائے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا،عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کردی،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی